چمن دھماکہ، ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف تاجروں کا احتجاج

چمن دھماکہ، ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف تاجروں کا احتجاج

چمن: افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقے چمن میں پشتونخوامیپ اور تاجر تنظیموں نے چمن دھماکے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق پشتونخوا میپ اور تاجر تنظیموں نے چمن دھماکے کے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف شہدا چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چمن سرحد کی 2 مارچ والی پوزیشن کو بھی بحال کیا جائے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل چمن کے علاقے مال روڈ پر دھماکہ ہوا تھا جس میں 6 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے تھے۔ سول اسپتال چمن میں جگہ کم پڑنے کے سبب شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا تھا۔اطلاع کے مطابق بارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس نے مشکوک افراد کی تلاشی لی۔

مطیع اللہ نے بتایا کہ چمن کا علاقہ مال روڈ کافی گنجان آباد ہے اور عام دنوں میں یہاں کافی گہما گہمی ہوتی ہے۔اس علاقے میں اسپیشل برانچ کا دفتر بھی ہے۔ دھماکے سے نزدیکی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔