پی ڈی ایم کے مردہ گھوڑے کو زندہ کرنے کا مقصد نواز شریف کو ریلیف دلانا ہے، فواد چودھری

The purpose of reviving the dead horse of PDM is to bring relief to Nawaz Sharif: Fawad Chaudhry
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے مردہ گھوڑے کو زندہ کرنے کا مقصد نواز شریف کو مقدمات میں ریلیف دلانا ہے، ایک طرف برطانیہ میں نواز شریف کے ویزے میں توسیع نہیں ہو رہی تو دوسری جانب پی ڈی ایم ایک بار پھر اپنے مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے، اس کا کیا مقصد ہے؟

پی ڈی ایم کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید تھی کہ شہباز شریف بطور ضمانتی محمد نواز شریف کی وطن واپسی کو بھی پی ڈی ایم کے ایجنڈے پر رکھتے جس کی انہوں نے عدالتوں میں گارنٹی دے رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم پٹے ہوئے مہروں کی بیٹھک بن گئی ہے، مولانا صاحب اور شہباز شریف مل کر انجمن متاثرین بنالیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم پہلی بار جب احتجاج کے لئے نکلی تو تقسیم ہوئی، پھر حکومت کا استعفیٰ لینے نکلی تو اے این پی اور پی پی پی نے پی ڈی ایم سے استعفے دیئے، اب پی ڈی ایم کی تحریک کا انجام مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر کے استعفوں کی صورت میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی بے کار نشستوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان کے عوام کی عمران خان سے وابستگی مزید مضبوط اور گہری ہوتی جا رہی ہے کیونکہ وہ عمران خان کو کامیاب و کامران دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مسلسل محنت، ثابت قدمی اور شاندار حکمت عملی کے نتیجے میں ملک کی معاشی تنزلی کے رخ کو تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینا ان کی پہلی ترجیح ہے، آنے والے ماہ وسال ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے ہوں گے۔