اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ارشد ندیم وطن پہنچ گئے، ائیرپورٹ پر والہانہ استقبال

اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ارشد ندیم وطن پہنچ گئے، ائیرپورٹ پر والہانہ استقبال
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: جاپان میں منعقدہ ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے جن کا لاہور ائیرپورٹ پر والہانہ استقبال کیا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق ارشد ندیم ٹوکیو اولمپکس میں پاکستانیوں کے دل جیتنے کے بعد علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پہنچے جہاں وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی، صدر ایتھلیٹکس فیڈریشن اکرم ساہی اور دیگر نے ان کا شاندار استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستہ پیش کیا۔
عوام کی بڑی تعداد بھی ائیرپورٹ کے باہر قومی ہیرو کا استقبال کرنے کیلئے موجود تھی اور جیسے ہی ارشد ندیم ائیرپورٹ سے باہر آئے تو عوام کی جانب سے پاکستان زندہ باد، ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے میرے لئے دعا کی ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، لوگوں کی دعاؤں کی وجہ سے ہی دنیا میں شہرت ملی، میں بہت محنت کیساتھ پانچویں نمبر پر آیا، سپورٹ کرنے پر پاکستان سپورٹس بورڈ اور پنجاب سپورٹس بورڈ کا شکر گزار ہوں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ میری جو سرپرستی کی گئی اس سے مطمئن ہوں، جو خامیاں رہیں ان پر قابو پاکر آئندہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کروں گا، اپنی کارکردگی سے آئندہ مداحوں کو مایوس نہیں کروں گا۔ وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا، ارشد ندیم نے عالمی سطح پر پاکستان کو پہچان دی۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس میں نامساعد حالات کے باوجود بہترین کارکردگی سے پاکستانیوں کے دل جیت لئے تھے، انہوں نے ٹوکیو اولمپکس کے جیولن تھرو مقابلوں میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔