اسلام آباد کے 15 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

اسلام آباد کے 15 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث 15 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ 
ضلعی انتظامیہ نے جی نائن ون،جی نائن ٹو،جی 6 ون،آئی ٹین تھری،سیکٹر ایف 6،آئی ایٹ فور،جی سیون ٹو،ایف الیون ٹو، این آئی ایچ کالونی اور چک شہزاد میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جن علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے وہاں فارمیسی اور ضروری اشیاءکی دکانیں کھلی رہیں گی۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کے پیش نظر گزشتہ روز راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرتے ہوئے ایسے تمام علاقوں میں مارکیٹس، دفاتر، ریسٹورنٹس اور نجی و سرکاری دفاتر بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ 
راولپنڈی میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے پیش نظر 19 اگست 2021ءتک آمد و رفت کنٹرولڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور سیکرٹری سارہ اسلم نے بتایا کہ راولپنڈی کے 100 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جارہا ہے جہاں تمام مارکیٹس، دفاتر، ریستوران اور نجی و سرکاری دفاتر بند رہیں گے جبکہ تمام تر مذہبی، ثقافتی اور نجی اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی۔
محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن شدہ ایریاز میں صرف اشیاءضروریہ سے متعلقہ کاروبار اور بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز میں صرف گروسری، فارمیسی سیکشن کھل سکیں گے، سرکاری دفاتر کے ملازمین کی متعلقہ ڈیپارٹمنٹ سے ڈیوٹی نوٹیفائی کی جائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.35 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ڈی ایچ او کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5421 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 561 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور 2 افراد انتقال کرگئے۔
ڈی ایچ او نے بتایا کہ اسلام آباد میں اب تک 92 ہزار 233 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور 824 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ علاوہ ازیں محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے ویکسی نیشن مراکز 14 اگست کو کھلے رہیں گے تاہم شہر میں 9 اور 10 محرم کو ویکسی نیشن سینٹرز بند رہیں گے۔