آزاد کشمیر انتخابات نے کورونا وائرس پھیلانے کا کام کیا: اسد عمر

آزاد کشمیر انتخابات نے کورونا وائرس پھیلانے کا کام کیا: اسد عمر
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں انتخابات نے ’سپر سپریڈر‘ کے طور پر کام کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات چند ماہ ملتوی کر نے کی سفارش کی تھی اور ایک خصوصی ویکسی نیشن مہم چلانے کی تجویز دی تھی لیکن انتخابات ملتوی کرنے اور ویکسین مہم چلانے پر اتفاق نہیں کیا گیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے بعد سے آزادکشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا اور اس وقت آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح 25 سے 30 فیصد کے درمیان چل رہی ہے۔ 
اسد عمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو دھمکی دے رہے تھے کہ کراچی میں کورونا پھیلتا ہے تو اس کے ذمہ دار وزیراعظم اور وزراءہوں گے لیکن اب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے کراچی میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام سے کورونا وائرس کے خلاف وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کی اپیل کرتی ہے جبکہ ایک سال میں کورونا وائرس کی ایس او پیز کی بدترین خلاف ورزیاں سیاستدانوں کی طرف سے آئی ہیں۔