سپریم کورٹ کا وزیر ریلوے کے مشیر شاہ رخ خان کو فوری برطرف کرنے کا حکم

سپریم کورٹ کا وزیر ریلوے کے مشیر شاہ رخ خان کو فوری برطرف کرنے کا حکم
کیپشن: سپریم کورٹ کا وزیر ریلوے کے مشیر شاہ رخ خان کو فوری برطرف کرنے کا حکم
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں اولڈ ریلوے گالف کلب کیس میں وزیر ریلوے کے مشیر شاہ رخ خان کو فوری برطرف کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت نے وزیر ریلوے کے مشیر کی تعیناتی پراظہار برہمی بھی کیا۔ بقول جج میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے نے گالف کلب کیلئے مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ وزیر ریلوے نے کس قانون کے تحت شاہ رخ خان کو مشیر مقرر کیا؟ سیکریٹری ریلوے نے بتایا کہ وزیرریلوے نے کلب کے مفاد میں مشیر مقرر کیا۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ تقرریوں کے قوانین موجود ہیں، ایسے کیسے کسی کو بھی لے آئے؟ گالف کلب کسی کی ذاتی ملکیت نہیں کہ من پسند لوگ مقرر کر دیئے جائیں۔ جج نے استفسار کیا کہ گالف کلب میں تقرری عدالت کے علم میں کیوں نہیں لائی گئی؟ اولڈ گالف کلب میں انتظامیہ کی تقرریاں عدالتی حکم پر ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے کا مشیر تقرر کرنا عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی دانستہ طور پر کی گئی ہے۔ عدالت نے اولڈ ریلوے گالف کلب کا آڈٹ مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملے کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔