آرمی چیف کی عراق کو دفاعی شعبوں میں تعاون کی پیشکش

 آرمی چیف کی عراق کو دفاعی شعبوں میں تعاون کی پیشکش
کیپشن: آرمی چیف کی عراق کو ترقی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کی پیشکش
سورس: فائل فوٹو

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے عراقی وزیر خارجہ نے ملاقات کی ہے جس میں افغان امن عمل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان عراق کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جبکہ آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی قوم کی قربانیوں کو سراہا۔

جنرل قمر جاوید باجودہ نے عراق کو ترقی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کی پیشکش کی۔ عراقی وزیر نے علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات جرمنی، اٹلی اور ہالینڈ کے سفیروں نے ملاقات کی، فرانس کے قائم مقام سفیر بھی اس میں ملاقات شریک تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکورٹی پر تفصیلی بات چیت کی گی جبکہ افغانستان کی صورتحال اور یورپی یونین سے باہمی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ صرف افغانستان میں امن استحکام لانے کا مقصد حاصل کیا جائے۔ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ ہم مختلف شعبوں میں باہمی مفاد کے تحت یورپی یونین سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

آرمی چیف سے ملنے والے سفیروں نے خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ غیر ملکی سفیروں نے ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے کا اعادہ کیا۔