امید ہے وزیراعظم سینیٹر بنانے کا وعدہ پورا کریں گے، وزیر خزانہ

امید ہے وزیراعظم سینیٹر بنانے کا وعدہ پورا کریں گے، وزیر خزانہ
کیپشن: آئی ایم ایف سے پاکستان کو 2.77 ارب ڈالر 23 اگست کو مل جائیں گے، وزیر خزانہ
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کو 2.77 ارب ڈالر 23 اگست کو مل جائیں گے۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کورونا بحران سے نمٹنے کے لیے فنڈز فراہم کررہا ہے اور آئی ایم ایف بورڈ کے شکر گزار ہیں۔ آئی ایم ایف نے مختلف ممالک کو 650 ارب ڈالر جاری کیے ہیں، پاکستان کو بھی 2.77 ارب ڈالر 23 اگست کو مل جائیں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو یہ رقم غیر مشروط طور پر فراہم کی جارہی ہے، فنڈز اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوجائیں گے۔ بجٹ میں کافی اقدامات کیے، گروتھ کی توقع ہے، آڈیٹر جنرل نے 1.22 ارب ڈالر کی نشاندہی کی جس پر کچھ نہیں کہوں گا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے وزیر خزانہ شوکت ترین نے ملاقات کی اور وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو کامیاب پاکستان پروگرام پر پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ وزیراعظم نے کامیاب پاکستان پروگرام پر پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیا۔

شوکت ترین نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرض فراہم کرے گا اور پروگرام متوسط طبقے کو بھی اپنی چھت کے حصول کے لیے قرض فراہم کرے گا جبکہ کسانوں کی مالی معاونت میں مشینری کے حصول کے لیے قرض شامل ہیں، زراعت کے شعبے میں بھی نمایاں ترقی ممکن ہوسکے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام لوگوں کے روزگار میں معاونت فراہم کرے گا اور اپنا گھر اور زرعی مشینری کے حصول میں معاونت کرے گا جبکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مجھے سینیٹر بنانے کا وعدہ کیا ہوا ہے جس کے لیے 2 ماہ کا وقت رہ گیا ہے، مجھے پختہ یقین ہےکہ وہ اپنا وعدہ پورا کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ افواہیں تھیں کہ میں غائب ہو گیا ہوں، میں آپ کے سامنے بیٹھا ہوں۔