افغانستان میں مستقل امن کے لیے سیاسی تصفیہ ضروری ہے، وزیراعظم

افغانستان میں مستقل امن کے لیے سیاسی تصفیہ ضروری ہے، وزیراعظم
کیپشن: افغانستان میں مستقل امن کے لیے سیاسی تصفیہ ضروری ہے، وزیراعظم
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔افغانستان میں مستقل امن کے لیے سیاسی تصفیہ ضروری ہے اور امن کے لیے سیاسی مذاکرات آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے یہ بات عراق کے وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے وزیراعظم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے معزز مہمان سے بات چیت میں کہا کہ عراق کے ساتھ باہمی عقیدے اور ثقافت کی بنیاد پر بہترین تعلقات قائم ہیں اور عراق کے آئندہ انتخابات کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے عراق کی تعمیر نو میں عوام کے عزم کو سراہا اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسن سے کہا کہ افغانستان میں امن قائم کرانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے بات چیت میں اپنے عراقی ہم منصب کے جلد دورہ پاکستان کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے عراق کی کاوش کو سراہا۔ عراق کے وزیر خارجہ ڈاکٹرفواد حسن نے عراقی وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دینے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو بھی دورہ عراق کی دعوت دی۔

معزز مہمان ڈاکٹر فواد حسن نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم عمران خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔