آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز میں کامران اکمل کی شمولیت کا امکان

آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز میں کامران اکمل کی شمولیت کا امکان

اسلام آباد: انضمام الحق کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں  آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے سیریز کے لئے پاکستانی ٹیم کے انتخاب پر صلح مشورے ہورہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق  وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کی پاکستانی ٹیم میں شمولیت یقینی دکھائی دے رہی ہے۔

اوپنر سلمان بٹ پر اگر پاکستان کرکٹ بورڈ کو اعتراض نہیں ہے تو انہیں بھی موقع مل سکتا ہے۔مڈل آرڈر بیٹسمین آصف ذاکر کی قسمت بھی کھل سکتی ہے۔فاسٹ بولنگ میں محمد عرفان اور سہیل تنویر کی شمولیت کے امکانات بھی روشن ہیں۔ جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین صفر سے ون ڈے سیریز جیتنے والی ٹیم سے مڈل آرڈر بیٹسمین شعیب ملک، عمر اکمل اور پیس بولر حسن علی کو پاکستانی ون ڈے ٹیم میں برقرار رکھا جائے گا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ والے دن13 جنوری کو کامران اکمل 35 سال کے ہوجائیں گے۔ اس سال قائد اعظم ٹرافی کے 8 میچوں میں ایک ہزار رنز بنانے والے کامران اکمل کو بیٹسمین کی حیثیت سے ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں کامران اکمل نے سلیکٹرز کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر نمائندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ مجھے سلیکشن کمیٹی پر اعتماد ہے۔ انضی بھائی کے ساتھ کرکٹ بھی کھیل چکا ہوں۔ سلیکٹرز وہی فیصلہ کریں گے جو ٹیم کے مفاد میں ہوگا۔