ہا لینڈ نے منفرد الیکٹرک سائیکل تیار کر لی

ہا لینڈ نے منفرد الیکٹرک سائیکل تیار کر لی

ایمسٹرڈیم:   اب آپ ٹریڈ مل پر چہل قدمی کرتے ہوئے اپنے کام پر بھی جاسکتے ہیں۔ ہالینڈ کی ایک کمپنی نے ایک ایسی منفرد سواری بنائی ہے جسے دیکھ کر آپ بھی حیرت میں مبتلا ہو جائیں گے ۔

اس  کمپنی نے سائیکل میں ٹریڈ مل کو فکس کر کے اس طرح کی سائیکل تیار کی ہے کہ جس پر چلتے چلتے ناصرف آپ اپنے جسم کی اضافی چربی گھلا سکیں گے بلکہ اپنی منزل مقصود پر بھی پہنچ جائیں گے۔ یہ ایک ایسی منفرد سواری ہے جو دیکھنے میں الیکٹرک بائی سائیکل کی طرح لگتی ہے لیکن درحقیقت یہ ایک سائیکل ہے جس پر ٹریڈ مل کی پٹی نصب ہے۔ اگرچہ اسٹارٹ ہونے کے لیے اسے بیٹری کی طاقت درکار ہوتی ہے لیکن ایک بار چل پڑنے کے بعد یہ اپنے سوار کے پیروں کی حرکت سے بھی توانائی حاصل کرتی ہے اور یوں وہ گویا پیدل چلتے ہوئے اپنے منزل کی طرف گامزن ہوجاتا ہے۔

البتہ اس کی رفتار  پیدل چلنے کے مقابلے میں خاصی زیادہ ہے اور یہ ایک گھنٹے میں 25 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرسکتی ہے۔ اسے بنانے کا اصل مقصد ان لوگوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو اپنیمصروف روٹین میں چہل قدمی یا جاگنگ کے لیے علیحدہ سے وقت نہیں  نکال پاتے۔اس منفرد ٹریڈ مل بائی سائیکل کی بدولت وہ ٹریڈ مل چلانے کے دوران ہی کام پر بھی جاسکتے ہیں۔

اگرچہ یہ بہت مہنگی ہے اور ہالینڈ میں اس کی قیمت ایک ہزار 995 یورو (تقریباً 2 لاکھ 25 ہزار پاکستانی روپوں کے بقدر) ہے لیکن 2014 میں جب یہ ٹریڈ مل بائی سائیکل پہلی بار محدود تعداد میں پیش کی گئی تو کمپنی کو اس کے اتنے آرڈر موصول ہوئے کہ اسے جلد ہی بڑے پیمانے پر اس کی پیداوار شروع کرنا پڑی۔

 یہ سائیکل ہالینڈ کے علاوہ دیگر  یورپی ممالک میں بھی تیزی سے مقبول ہورہی ہےجس کی وجہ سے کمپنی  دوسرے ملکوں میں بھی اس کے پیداواری یونٹ قائم کرنے کی مصوبہ بندی کررہی ہے۔ علاوہ ازیں اس سائیکل کی مقبولیت دیکھتے ہوئے کمپنی نے امریکا میں بھی اس کی باقاعدہ فروخت کا آغاز کردیا ہے۔

فی الحال یہ کسی دکان پرتو فروخت کے لئےدستیاب نہیںلیکن اسے کمپنی کی ویب سائٹ سے آن لائن  خریدا جاسکتا ہے۔