مودی پاکستان سے رابطوں کا الزام لگانے کی بجائے انتخابی وعدے پورے کریں، شتروگن سنہا

مودی پاکستان سے رابطوں کا الزام لگانے کی بجائے انتخابی وعدے پورے کریں، شتروگن سنہا

نیو دہلی: بالی ووڈ کے سابق ہیرو اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ شتروگن سنہا نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے رابطوں جیسی کہانیاں نہ گڑھی جائیں اس کی بجائے انتخابی وعدے پورے کریں۔ نریندر مودی نے گجرات کے انتخابات پر پاکستان کے اثر انداز ہونے کا الزام لگایا تھا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ گجرات میں بے جے پی کو شکست دینے کے لیے پاکستان سے تعاون لے رہی ہے۔ ان کے اس الزام کی کانگریس نے تو سختی سے تردید کی ہی تھی تاہم اب ان کی اپنی پارٹی کے رکن شتروگن سنہا نے بھی مودی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے مختلف پیغامات میں مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مودی جی، کہانیاں گڑھنے کی بجائے رہائش، ترقی، روزگار، صحت اور ترقی جیسے وعدوں کو پورا کریں اور ماحول کو فرقہ وارانہ رنگ نہ دیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی طرح الیکشن جیتنے کے ہتھکنڈے کو چھوڑ دینا چاہیے۔ سیاسی مخالفین کے خلاف روز نئی غیر مصدقہ اور ناقابل یقین کہانیاں گڑھی جا رہی ہیں اور اب پاکستان سے رابطوں کا الزام حیرت انگیز ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے بھی نریندر مودی کا الزام مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان کو بھارت کی داخلی سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔ انتخابات بے بنیاد سازشوں کی بنیاد پر جیتے نہیں جا سکتے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں