امریکہ کے جنگلات میں آتشزدگی، آگ 2 لاکھ 30 ہزار ایکڑ رقبے پر پھیل گئی، 800 مکانات تباہ

امریکہ کے جنگلات میں آتشزدگی، آگ 2 لاکھ 30 ہزار ایکڑ رقبے پر پھیل گئی، 800 مکانات تباہ

کیلی فورنیا:  امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں 8 روز سے لگی آگ 2 لاکھ 30 ہزار ایکڑ رقبے پر پھیل گئی جس سے 800 مکانات تباہ اور 2 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ ’’تھوماس فائر‘‘ 2 لاکھ 30 ہزار ایکڑ رقبے پر پھیل چکی ہے جوامریکی شہروں نیویارک اور بوسٹن کے مشترکہ رقبہ سے بھی زیادہ ہے۔ جسے بجھانے کے لئے 5 لاکھ سے زائد فائر فائٹرز مصروف عمل ہیں ،تیز ہوا اور دھوئیں کے بادلوں کی وجہ سے فائر فائٹرز کوشدید مشکلات کا سامنا ہے، آگ کے باعث علاقے میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوچکی ہے اور متعلقہ اداروں نے کیلی فورنیا کے دیگر شہروں لاس اینجلس اور وینچورا میں انتباہ جاری کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے اور تیز ہوا کے سبب آگ مزید پھیل رہی ہے جبکہ آئندہ 10 روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔