موجودہ صورتحال میں استعفیٰ دینے کی کوئی وجہ نہیں ہے : رانا ثنا اللہ

موجودہ صورتحال میں استعفیٰ دینے کی کوئی وجہ نہیں ہے : رانا ثنا اللہ

لاہور:وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ان کے استعفیٰ دینے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔


ایک انٹرویو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی انکوائری رپورٹ سے جو لوگ توقعات لگائے بیٹھے تھے ایسا کچھ نہیں ہوا، حکومت پنجاب اگر موجودہ صورتحال کو مشکل وقت سمجھتی ہے تو پھر یہ مشکل ساڑھے چار سال سے درپیش ہے۔گزشتہ کئی سالوں سے دھرنوں اور احتجاج جیسی مشکلات کے باوجود پنجاب حکومت نے کافی حد تک دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا اور جلد مکمل خاتمہ کر دیں گے۔


وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے متحد ہونے کی وجہ صرف نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے، کیونکہ وہ جانتے ہیں کوئی بھی سیاسی جماعت (ن) لیگ کا مقابلہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ فیض آباد دھرنے کے معاہدے کو اگر کوئی گھٹنے ٹیکنا سمجھتا ہے تو اس میں حکومت کے ساتھ ریاست بھی شامل ہے ٗریاست کسی چیز کو درست سمجھتی ہے تو حکومت کو بھی درست سمجھنا چاہیے کیونکہ حکومت ریاست کا ہی حصہ ہے، لیکن حکومت نے آج تک کسی معاہدے میں گھٹنے نہیں ٹیکے اور نہ آئندہ ٹیکے گی۔