پاکستان کل عالمی عدالت میں کلبھوشن کے معاملے پر جواب داخل کروائے گا

پاکستان کل عالمی عدالت میں کلبھوشن کے معاملے پر جواب داخل کروائے گا


اسلام آباد:پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’راء ‘‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر جواب تیار کر لیا ہے اور یہ جواب کل عالمی عدالت انصاف میں جمع کروا دیا جائے گا ۔


ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر تمام متعلقہ اداروں، وزارت خارجہ اور ہیگ میں پاکستان کے سفارتخانے نے مل کرجواب تیار کیا ہے جو کل عالمی عدالت انصاف میں جمع کرادیا جائے گا۔


ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ جواب ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر کے ذریعہ جمع کرایا جائے گا، حکومت پاکستان کی طرف سے اٹارنی جنرل اوشتر اوصاف سارے معاملہ کی نگرانی کر رہے ہیں۔پاکستان نے اپنے جواب میں بھارت کا موقف مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلبھوشن نے پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، ایک دہشت گرد کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں نہیں چلایا جاسکتا، اسے پاکستان نے تمام عدالتی کارروائی اور اپنی صفائی کا بھرپورموقع دینے کے بعد سزا سنائی ہے، انسانی بنیادوں پر کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کرائی جا رہی ہے۔جواب میں کلبھوشن کے خلاف ثبوت اور تمام تر تفصیلات شامل کی گئی ہیں اور پورے عدالتی طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا ہے جس کے تحت اسے سزا سنائی گئی۔