زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے نکلے گا یا نہیں، فیصلہ آج ہو گا

زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے نکلے گا یا نہیں، فیصلہ آج ہو گا
کیپشن: زلفی بخاری وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی ہیں۔۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ آج دن ساڑھے 12 بجے فیصلہ سنائے گا۔

زلفی بخاری نے اپنا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے اقدام کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کی استدعا کی تھی۔فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فاضل بینچ نے 4 دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

خیال رہے کہ زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے ہیں اور وہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی ہیں۔

پی ٹی آئی کی حکومت سے قبل وہ عمران خان کے ہمراہ عمرے پر روانہ ہو رہے تھے کہ ان کا نام بلیک لسٹ میں ہونے کی وجہ سے امیگریشن حکام نے انہیں بیرون ملک جانے سے روک دیا تھا تاہم کچھ دیر بعد انہیں جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

زلفی بخاری کا نام آف شور کمپنیوں کے باعث پاناما لیکس میں بھی آیا ہے جس بناء پر نیب میں ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلے میں وہ کئی بار نیب میں پیش بھی ہو چکے ہیں۔