خواجہ برادران کو آج احتساب عدالت پیش کیا جائیگا

خواجہ برادران کو آج احتساب عدالت پیش کیا جائیگا
کیپشن: نیب حکام 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کریں گے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ سوشل میڈیا

لاہور: آشیانہ اور پیراگون سٹی اسکینڈل میں گرفتار سابق وفاقی وزیر سعد رفیق اور سلمان رفیق کو آج احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا جائیگا۔ نیب حکام 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کریں گے۔

گزشتہ روز پیراگون ہاؤسنگ کرپشن سکینڈل میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے خواجہ سعد رفیق اور انکے بھائی ایم پی اے سلمان رفیق کی درخواست ضمانت خارج ہونے پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے گرفتار کر کے انہیں نیب آفس منتقل کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی۔

بعد ازاں خواجہ برادران سے قومی احتساب بیورو (نیب) کے افسران نے ایک گھنٹہ تک پوچھ گچھ کی تھی۔ نیب کی 3 رکنی تحقیقاتی ٹیم نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق سے الگ الگ تحقیقات کی جس دوران وہ افسران کو مطمئن نہیں کرسکے تھے۔خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی تھی۔