امریکا نے پاکستان کو مذہبی پابندیوں کی تشویشی لسٹ سے استثنیٰ دیدیا

امریکا نے پاکستان کو مذہبی پابندیوں کی تشویشی لسٹ سے استثنیٰ دیدیا
کیپشن: پاکستان کو استثنیٰ امریکا کے قومی مفاد کے تحت دیا گیا ہے، امریکی سفارتخانہ۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان کو سفارتی محاذ پر ایک اور بڑی کامیابی مل گئی۔ امریکا نے یو ٹر لے لیا۔ امریکا نے پاکستان کو مذہبی پابندیوں کی تشویشی لسٹ سے استثنیٰ دیتے ہوئے کہا پاکستان پر پابندیاں نہیں لگائی جائیں گی۔ امریکی سفارتخانہ نے کہا استثنیٰ وزیر خارجہ مائیک پومپو کی جانب سے دیا گیا ہے اور پاکستان کواستثنیٰ امریکاکےقومی مفاد کے تحت دیا گیا ہے۔

خیال رہے آج پاکستان نے مذہبی آزادی کی پامالی کے امریکی الزام پر مبنی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے اسے 'یک طرفہ' اور 'سیاسی جانبداری' پر مشتمل قرار دیا تھا۔

واضح رہے گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ امریکا نے پاکستان کو مذہبی آزادی کی خلاف ورزی سے متعلق خصوصی تشویش والی فہرست میں شامل کیا  ہے جس کا مقصد اقلیتوں سے روا رکھے جانے والے سلوک پر پاکستان پر دباؤ بڑھانا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ بین الاقوامی ایکٹ برائے مذہبی آزادی 1998 کے تحت پاکستان سمیت ایران، سعودی عرب، چین، تاجکستان، ترکمانستان، سوڈان، برما، اریٹریا اور شمالی کوریا کے نام بھی مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں پر خصوصی تشویش والی فہرست میں شامل ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق تمام ممالک کو بین الاقوامی مذہبی آزادی کے قانون کے تحت فہرست میں رکھا گیا ہے۔