سیف الاسلام قذافی کو لیبیا کا صدر بنانے کے لیے نئی مہم شروع ہو گئی

سیف الاسلام قذافی کو لیبیا کا صدر بنانے کے لیے نئی مہم شروع ہو گئی
کیپشن: فوٹو سوشل میڈیا ٹویٹر اکاؤنٹ ۔۔۔ سیف الاسلام کو گزشتہ برس رہا کیا گیا تھا

لیبیا میں رواں ہفتے  چلائی جانے والی نئی مہم"ہم نے آپ کو نامزد کیا "نے لیبیا سمیت دنیا بھر کو حیران کر کے رکھ دیا ۔
تفصیلات کے مطابق لیبیا میں گزشتہ ہفتے چلائی جانے والی مہم میں مقتول لیڈر کرنل قذافی کے بیٹے سیف الاسلام کو ملک کا صدر بنانے کی حمایت کی جارہی ہے ۔عرب کے باوثوق ذرائع العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق قذافی حکومت کے حامیوں کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم میں سیف الاسلام کو مارچ 2019میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کی حمایت کی جارہی ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ لیبیا میں سیف الاسلام پر عائد کردہ سیاسی پابندیوں کے خاتمے اور ان کے سیاسی قد کاٹھ اور قبائلی سردار کی حیثیت سے ملک کے سیاسی عمل میں حصہ لینے کا مطالبہ بھی زور پکڑ رہاہے ۔


"ہم نے آپ کو نامزد کیا " کے عنوان سے جاری اس مہم میں معمر قذافی کے حامی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ کئی مقامی قبائل اور مہاجرین بھی اس میں پیش پیش ہیں ۔ وہ لیبیا میں قذافی کی حکومت کی بحالی کے لیے پر جوش ہیں ، تاکہ کرنل القذافی کے بے دردی سے قتل اور اقتدار کھو دینے کے بعد قذافی خاندان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا خاتمہ کیا جاسکے ۔اس ضمن میں لیبیا میں منڈیلا تحریک کے بانی محمد الرمیح نے کہا ہے کہ سیف الاسلام کی صدارتی دوڑ کے لیے مہم جاری رہے گی ۔ اور اس میں عرب کے کئی قبائل کے افراد بھی شامل ہیں ۔

خیال رہے کہ سیف الاسلام القذافی جون 2017کو جیل سے رہائی کے بعد منظر نہیں آئے اور نہ ہی انہوں نے آئندہ سال ہونے والے صدارتی انتخابات میں امیدوار بننے کا اعلان کیا ہے ۔