لاس اینجلس : امریکی ریاست کیلیفورنیا میں سماجی رابطوں کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک کے ہیڈکوارٹر کو بم کی اطلاع کے بعد عارضی طور پر خالی کرا لیا گیا۔مین لو پارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سین ماٹیو بم یونٹ نے مین لو پارک میں فیس بک کے کیمپس میں بم کی اطلاع پر فوری ردعمل دیا، تاہم کوئی مشتبہ پیکیج یا ڈیوائس نہیں ملی۔اس حوالے سے فیس بک ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس نے کیمپس کی کچھ عمارتوں کو خالی کرایا جبکہ اس دوران تمام اسٹاف محفوظ رہا اور بعد ازاں انہیں دوبارہ عمارت میں جانے کی اجازت دے دی گئی۔
ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ہم فیس بک میں تمام افراد کی حفاظت اور سیکیورٹی کو انتہائی سنجیدہ لیتے ہیں اور ہم خوش ہیں کہ سب محفوظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مقامی انتظامی کے ساتھ اس دھمکی کو قریب سے دیکھ رہے ہیں اور صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔مینلو پارک پولیس کا کہنا تھا کہ ہم نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر ابتدائی معلومات کے ذرائع کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
دوسری طرف برطانوی اخبار ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق اصل میں بم کی اطلاع نیو یارک شہر میں پولیس کو کی گئی اور فون لائن کے ذریعے نقد انعام کے بدلے خفیہ معلومات کی پیش کش کی گئی، جس کے بعد اس معاملے کو مینلو پارک پولیس کو بھیج دیا گیا۔مینلو پارک پولیس کے خاتون ترجمان نیکولی ایکر کا کہنا تھا کہ کیمپس میں تین منزلہ عمارت کو خالی کرایا گیا، تاہم انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت ہیڈکوارٹرز کی عمارت میں موجود نہیں تھیں لیکن فیس بک کے ترجمان نے بذریعہ ای میل کہا کہ کچھ عمارتوں کو خالی کرایا گیا۔
جس عمارت سے لوگوں کو باہر نکالا گیا اس میں فیس بک کی کمپنی انسٹاگرام کے ملازمین بھی شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ سین ماٹیو کانٹی بم یونٹ نے سراغ رساں کتوں کی مدد سے تلاشی کی اور اس دوران کوئی مشتبہ پیکیج یا ڈیوائسز نہیں ملیں۔تاہم بعد ازاں پولیس کا کہنا تھا کہ عمارت اور تمام عملہ محفوظ ہے۔