علیم ڈار سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں فرائض انجام دینے والے امپائر

علیم ڈار سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں فرائض انجام دینے والے امپائر
کیپشن: علیم ڈار ون ڈے میچوں میں بھی ریکارڈ بنانے کے بہت ہی قریب ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستانی امپائر علیم ڈار نے دنیائے کرکٹ میں ریکارڈ بنا دیا۔ وہ سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں فرائض انجام دینے والے امپائر بن گئے ہیں۔آج سے شروع ہونے والا آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا ٹیسٹ میچ علیم ڈار کے لئے ریکارڈ بن جائے گا۔ یہ ان کے کیریئر کا 129 واں انٹرنیشنل ٹیسٹ میچ ہو گا۔ علیم ڈار سے پہلے ویسٹ انڈیز کے اسٹیوبکنر سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کر چکے ہیں۔

علیم ڈار ون ڈے میچوں میں بھی ریکارڈ بنانے کے بہت ہی قریب ہیں۔ وہ اب تک 207 میچوں میں اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ جنوبی افریقا کے روڈی کرٹزن سب سے زیادہ 209 ایک روزہ میچوں میں امپائرنگ کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ علیم ڈار 46 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں بھی بطور امپائر اپنی ذمہ داری انتہائی احسن طریقے سے انجام دے چکے ہیں۔

علیم ڈار نے اپنے ریکارڈ سے متعلق خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اتنا کچھ حاصل کر لوں گا۔ اہل خانہ کے تعاون کے بغیر یہ سب ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا۔

پاکستانی امپائر علیم ڈار 2009ء سے 2011ء تک مسلسل تین مرتبہ آئی سی سی کے بہترین امپائر کا ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔

علیم ڈار نے 2000ء میں پہلی مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں امپائرنگ کی تھی جبکہ ٹیسٹ کیریئر کا آغاز انہوں نے 2003ء میں انگلینڈ اور بنگلادیش کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچ سے کیا تھا۔