پی آئی سی حملہ کی وزیراعظم کو ابھی حتمی رپورٹ نہیں دی گئی, معاون خصوصی

پی آئی سی حملہ کی وزیراعظم کو ابھی حتمی رپورٹ نہیں دی گئی, معاون خصوصی
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی آئی سی حملہ کی وزیراعظم کو ابھی حتمی رپورٹ نہیں دی گئی۔ وزیراعظم کا بھانجا ہو یا کوئی بھی، جو قانون کو متلاشی ہوگا، قانون پیچھا کرے گا۔


تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں پی آئی سی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے عدلیہ اور وکلا تنظیموں سے رابطوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بعد ازاں میڈیا بریفنگ میں کہا کہ مٹھی بھر عناصر نے قانون کو اپنے پاؤں تلے روندا۔ وکلا میں اکثریت کا ایک جماعت سے تانہ بانہ مل رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ورکرز نے پورے عمل کو انتشار میں تبدیل کیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ساری چیزیں انکوائری رپورٹ میں سامنے آ جائیں گی۔ پی آئی سی میں سسکتے اور تڑپتے مریضوں کی دل آذاری کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پی آئی سی حملہ کی وزیراعظم کو ابھی حتمی رپورٹ نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انصاف لائرز فورم وکلا تنظیمیوں کے ساتھ رابطہ کرے گی۔ قانون کے رکھوالے اگر اس طرح قانون پر حملہ آور ہونے لگیں گے تو معاشرہ جنگل کا قانون بن جائے گا۔

معاون خصوصی نے مطالبہ کیا کہ بار کونسل اور وکلا تنظیمیں اپنی صفوں میں کالی بھیڑوں کی نشاندہی کریں۔ بار کونسلز وکلا بھل صفائی مہم شروع کریں۔