کل عوام جلسہ میں شرکت کر کے حکومت کیخلاف اپنا فیصلہ دیں گے، رانا ثنا اللہ

کل عوام جلسہ میں شرکت کر کے حکومت کیخلاف اپنا فیصلہ دیں گے، رانا ثنا اللہ
کیپشن: کل عوام جلسہ میں شرکت کر کے حکومت کیخلاف اپنا فیصلہ دیں گے، رانا ثنا اللہ
سورس: فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 13 دسمبر کو مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کا تاریخی جلسہ ہو گا اور جلسہ میں پنجاب سمیت پورے پاکستان سے عوام جلسہ میں شرکت کریں گے جبکہ عوام جلسہ میں شرکت کر کے حکومت کیخلاف اپنا فیصلہ دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں گے اور اس الیکشن کے سلسلہ میں آئینی حکومت قائم ہوگی جبکہ ملک میں غیر آئینی حکومت مسلط کرنے کے راستے بند ہو جائیں گے اور ملک میں عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت ہی برسر اقتدار ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان میں حکومت قائم کی جائے اور پاکستان کو آئین، قانون کے تحت چلایا جائے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا انتظامیہ کا جلسے کے حوالے سے کوئی تعاون نہیں کیونکہ  کرسیاں، ساؤنڈ سسٹم لانے والوں پر مقدمات درج کئے جا رہے ہیں اور پولیس ان کیخلاف کریک ڈاؤن بھی کر رہی ہے لیکن مینار پاکستان پر ہونے والا جلسہ پرامن ہوگا اور لوگ پرامن طور پر جلسہ میں شریک ہوں گے اور  جلسہ ختم بھی پرامن طریقے سے ہو گا اگر کوئی ایسا عمل کیا گیا جس سے کوئی حادثہ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ جلسہ کے انتظام میں رخنہ ڈالنے سے گریز کرے اور عمران خان کی حکومت 200 مقدمات درج کرے یا 2 ہزار مقدمات درج کر لے لیکن عمران خان خود مدعی بن کر مقدمات درج کرائیں۔ 

خیال رہے کہ مینار پاکستان گراونڈ میں جلسے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور احاطے میں سٹیج اور کرسیاں لگانے کا کام جاری ہے جبکہ لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سٹیج کی تیاری متاثر کرنے کے لئے گریٹر اقبال پارک کے گیٹ کو تالا لگایا گیا لیکن لیگی کارکنوں نے اسے توڑ کر سٹیج بنانے کا سامان لے کر مینار پاکستان کے احاطے میں داخل ہو گئے۔ لائٹس اور ساونڈ سسٹم بھی نصب کر دیئے گئے ہیں اور ورکرز کی بڑی تعداد جلسہ گاہ میں موجود ہے۔