فیصل آباد میں خواتین کو بے لباس کرنے کے کیس نے نیا رخ اختیار کر لیا

فیصل آباد میں خواتین کو بے لباس کرنے کے کیس نے نیا رخ اختیار کر لیا
کیپشن: فیصل آباد میں خواتین کو بے لباس کرنے کے کیس نے نیا رخ اختیار کر لیا
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

لاہور: فیصل آباد کے ملت ٹاؤن میں خواتین کو بے لباس کرنے کے کیس میں نیا موڑ آ گیا ہے۔ ملزم صدام کے بھائی نےخواتین کےخلاف چوری کی درخواست جمع کروا دی۔ 

خواتین پر تشدد اور بے لباس کرنے کے مقدمے کے ملزمان کی جانب سے مدعیہ خواتین کے خلاف چوری کے الزام میں پولیس کو درخواست دے دی گئی۔

گرفتار ملزم صدام کے بھائی نےخواتین کےخلاف چوری کی درخواست جمع کرائی۔ پولیس کے مطابق درخواست میں کہا گيا ہے کہ 4 خواتین نے الیکٹرک اسٹور سے تقریباً 60 ہزار کا سامان چوری کیا، دکانداروں اور راہ گیروں نے 2 خواتین کو پکڑ کردکان میں بند کیا اور خواتین نے خود ہی اپنے آپ کو بےلباس کیا اور ان کے دو نامعلوم ساتھیوں نے ویڈیو بنا کر شیئر کیں۔

فیصل آباد میں تشدد سے متاثرہ خواتین کا مؤقف ہے کہ انہوں نے چوری نہیں کی، وہ پانی پینے گئی تھیں جہاں ان پر تشدد ہوا۔

خیال رہے کہ فیصل آباد کے ملت بازار میں 6 دسبمر کو چار خواتین پر دکانداروں نے چوری کے الزام پر تشدد کیا تھا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں تشدد بھی نظرآیا اور خواتین بے لباس بھی نظر آئيں۔ اس مقدمے میں پولیس نے 5 ملزمان کو گرفتار کر رکھا ہے جو ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں ہیں۔