پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست ، سیریز انگلینڈ کے نام

پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست ، سیریز انگلینڈ کے نام
سورس: File

ملتان : انگلینڈ  نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دے دی ہے۔ دوسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستان فتح کے قریب پہنچ کر ہارا ہے۔2 دن میں پاکستان نے 157 رنز بنانا تھے اور اس کے پاس 7 وکٹیں تھیں لیکن محمد نواز، امام الحق اور سعود شکیل کے علاوہ کسی بلے باز نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا۔ انگلینڈ کو تین میچوں کی سیریز میں 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔ 

پاکستان نے چوتھے روز کل کے سکور 198 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز آغاز کیا۔ جلد ہی فہیم اشرف 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد نواز اور سعود شکیل پاکستان کی فتح کے قریب لے گئے لیکن 290 رنز پر 45 رنز بنا کر محمد نواز بھی آؤٹ ہوگئے۔ 

دوسری اننگز میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے سعود شکیل 291 رنز پر 94 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے۔ سعود شکیل کے آؤٹ ہونے پر پاکستان کی آخری امید بھی دم توڑ گئی اور 355 رنز کے تعاقن میں پاکستانی ٹیم 328 رنز پر پویلین لوٹ گئی ۔

گزشتہ روز پاکستان نے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پراعتماد آغاز کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 66 رنز بنائے تھے کہ اوپنر محمد رضوان تجربہ کار فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن کا نشانہ بن گئے، وہ 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

وکٹ کیپر بلے باز کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بابر اعظم کریز پر آئے لیکن زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور صرف ایک رن بنا کر اولی روبنسن کا شکار بن گئے۔

پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر عبد اللہ شفیق تھے جو 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں فاسٹ باؤلر مارک ووڈ نے آؤٹ کیا، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 83 رنز تھا۔

بعد ازاں سعود شکیل اور امام الحق کے درمیان 108 رنز کی شراکت قائم ہوئی، امام الحق 60 کے انفرادی اسکور پر لیچ کو کیچ دے بیٹھے تھے۔

یوں جب تیسرے روز کے کھیل کا اختتام ہوا تو انگلینڈ کے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنالیے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے مزید 157 رنز کی ضرورت تھی جبکہ اس کی 6 وکٹیں باقی تھیں۔