ہماری برآمدات میں کمی ہو رہی ہے، پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی خاموشی پر حیرت ہے: عمران خان

ہماری برآمدات میں کمی ہو رہی ہے، پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی خاموشی پر حیرت ہے: عمران خان

لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری برآمدات میں کمی واقع ہوتی جارہی ہے ۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی خاموشی پر حیرت ہے ۔

معاشی ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قوم کو پتہ ہونا چاہیے ملک کہاں جا رہا ہے ۔ میرا فرض ہے کہ قوم کو معاشی حالات سے آگاہ رکھوں ۔ پاکستان میں کبھی اتنے برے حالات نہیں تھے جتنے آج ہیں ۔ حالات سنبھالے نہ گئے تو مزید خراب ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں پاکستان کی ریکارڈ برآمدات ہوئی تھیں ۔ اس وقت سب سے زیادہ پریشان کاروباری طبقہ ہے ۔ ہمارے دور میں کسانوں نے ریکارڈ منافع کمایا ، کسانوں کے پاس پیسہ آیا تھا ، بے شمار موٹر سائیکلیں فروخت ہوئیں ۔ ہمارے آخری مہینے میں 27 فیصد صنعتی ترقی ہوئی تھی جو آج صفر ہے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج میں اپنی قوم سے نہیں اداروں سے بھی مخاطب ہوں ، ملک جس تیزی سے نیچے جا رہا ہے اس کے اثرات تمام اداروں پر پڑیں گے ۔ نیشنل سکیورٹی کی پالیسی ہم نے ہی بنائی تھی ۔ نیشنل سکیورٹی پالیسی کا ایک پہلو ملٹری اور دوسرا معیشت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سب سے کہہ رہا ہوں آواز بلند کریں ، ملک تیزی سے نیچے جا رہا ہے ۔ اگر آواز بلند نہیں کریں گے تو ہم سب اس کے ذمہ دار ہوں گے ۔ 2 جماعتیں 30 سال سے اقتدار میں بیٹھی ہوئی ہیں ۔ ملک پر قرضے ان کی وجہ سے چڑھے ، ملک میں ڈالر کی قیمت بڑھتی جا رہی ہے اور روپیہ نیچے آرہا ہے ۔ ملکی استحکام کے بغیر روپے کی قدر میں اضافہ نہیں ہوسکتا ۔ موجودہ صورتحال سے نکلنے کا واحد حل شفاف انتخابات ہیں ، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا ۔

مصنف کے بارے میں