عمران خان حملہ کیس: جے آئی ٹی کا انسداد دہشتگردی عدالت میں عبوری چالان جمع

عمران خان حملہ کیس: جے آئی ٹی کا انسداد دہشتگردی عدالت میں عبوری چالان جمع

لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیس میں جے آئی ٹی نے انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانوالا میں عبوری چالان جمع کرا دیا ۔

گوجرانوالا کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران خان حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کے مرکزی ملزم نوید کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا ، جے آئی ٹی کے کنوینیر غلام محمود ڈوگر بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔ دوران سماعت جے آئی ٹی کنوینیر غلام محمود ڈوگر نے اے ٹی سی عدالت میں عبوری چالان جمع کرایا، جس کے مطابق 3 نومبر شام 4 بجے کنٹینر کے بائیں جانب کھڑے ملزم نوید نے فائرنگ کی جس سے عمران خان سمیت 10 افراد زخمی ہوئے ۔

انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کو پولی گراف ٹیسٹ کیلئے لے جایا گیا لیکن طبیعت خراب ہونے پر ملزم نوید کا پولی گراف ٹیسٹ نہیں ہوسکا، 14 دسمبر کو ملزم کو دوبارہ ٹیسٹ کیلئے لے جایا جائے گا ۔

تفتیشی افسران نے عدالت کو بتایا کہ واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی ملزم سے برآمد کرلی گئی ہے ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم نوید کی غیر قانونی تحویل پر انکوائری رپورٹ کا کیا ہوا ؟

جس پر جے آئی ٹی کنوینیر نے بتایا کہ غیر قانونی تحویل کے حوالے سے ذمہ داروں کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں ، بیانات آخری مرحلے میں ہیں ، ملزم کا مزید ریمانڈ دیا جائے ، اگلی پیشی پرانکوائری رپورٹ مکمل کرلی جائے گی ۔

عدالت نے جے آئی ٹی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

مصنف کے بارے میں