تیج بہادر کے فیس بک پر 500 پاکستانی دوست ہیں، بھارتی اخبار

تیج بہادر کے فیس بک پر 500 پاکستانی دوست ہیں، بھارتی اخبار

نیو دہلی: بھارتی فوجیوں کو کم اور ناقص خوراک ملنے کا بھانڈا پھوڑنے والے تیج بہادر سنگھ کے متعلق سیکیورٹی حکام نے نیا دعویٰ کردیا، بھارتی حکام کہتے ہیں کہ تیج بہادر کے فیس بک دوستوں میں سے پانچ سو سے زائد پاکستانی ہیں۔

بھارتی اخبار نے سیکیورٹی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ تیج بہادر کے فیس بک اکاؤنٹ کی چھان بین کی گئی تو اس کے تین ہزار سے زائد دوستوں میں سے پانچ سو سے زائد پاکستانی پائے گئے اور نہ جانے ان میں سے کتنے لوگوں کا تعلق پاکستانی ایجنسیوں سے ہوگا۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ فیس بک پر تیج بہادر کے نام سے 37جعلی اکاؤنٹ چل رہے ہیں۔

تیج بہادر نے کنٹرول لائن پر تعیناتی کے دوران ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس میں فوجی جوانوں کو دی جانی والی خوارک کے ناقص معیار کا پردہ چاک کیا گیا تھا۔

تیج بہادر کی بیوی کا دعویٰ ہے کہ اس کے شوہر کو بھارتی سیکیورٹی فورسز نے قید کررکھا ہے اور اسے جان کا خطرہ ہے۔