کرپشن کی روک تھام ہم سب کی ذمہ داری ہے، سنگاکارا

 کرپشن کی روک تھام ہم سب کی ذمہ داری ہے، سنگاکارا

دبئی: کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگا کارا نے پی ایس ایل میں سپاٹ فکسنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پروفیشنل کھلاڑیوں کی حیثیت سے ہم سب کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اس کھیل کی عزت کریں اور کسی بھی قسم کی کرپشن کو اس کھیل میں نہ آنے دیں۔حالیہ سپاٹ فکسنگ کو صحیح طریقے سے نمٹائے جانے پر پی سی بی تعریف کاحقدار ہے ۔ جو ہونا تھا وہ ہوچکا اور اب یہ وقت تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز کرنے اور اچھی کارکردگی دکھانے کا ہے۔شاہ زیب حسن کے کلیئر ہونے پر ہمیں خوشی اور اطمینان ہے ۔ہمیں اگلے میچوں میں سخت محنت کرنا ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس میں گفتگو کے دورا ن کیا۔ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہونا تھا وہ ہوچکا اور اب یہ وقت تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز کرنے اور اچھی کارکردگی دکھانے کا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو کھلاڑی شرجیل خان اور خالد لطیف کو مشکوک افراد سے رابطے کی پاداش میں معطلی کے بعد وطن واپس بھیجا جاچکا ہے۔اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے محمد عرفان ذالفقار بابر اور شاہ زیب حسن سے بھی پوچھ گچھ کی تھی تاہم انہیں ہر قسم کے شک وشبے سے کلیئر کردیا گیا ہے۔کمار سنگاکارا کا کہنا ہے کہ ہمیں خوشی اور اطمینان ہے کہ ہماری ٹیم کا کھلاڑی کلیئر ہوگیا جس کے بعد پوری ٹیم نے شاہ زیب حسن کو میدان میں بھرپور حوصلہ دیا اور وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کھیلے۔ وہ اچھی بیٹنگ کررہے تھے لیکن بدقسمتی سے 19 رنز بنانے کے بعد آٹ ہوگئے لیکن وہ ذہنی طور پر بالکل تیار دکھائی دے رہے تھے حالانکہ وہ وقت ان کے لیے پریشان کن تھا۔کمار سنگاکارا نے اس پورے معاملے کو صحیح طریقے سے نمٹائے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی تعریف کی اور کہا کہ 'پروفیشنل کھلاڑیوں کی حیثیت سے ہم سب کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اس کھیل کی عزت کریں اور کسی بھی قسم کی کرپشن کو اس کھیل میں نہ آنے دیں۔سنگاکارا نے اپنی ٹیم کی دو میچوں میں شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اگلے میچوں میں سخت محنت کرنا ہوگی۔