ایل او سی پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ، دو خواتین سمیت 3 شہری زخمی

ایل او سی پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ، دو خواتین سمیت 3 شہری زخمی

راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت تین شہری زخمی ہوئے جبکہ پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ 


 
خیال رہے کہ 4 فروری کو بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور 2 بچے زخمی ہوئے تھے۔

15 جنوری کو بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے تھے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، لیکن اس کے باوجود بھی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔