فواد عالم نے کراچی وائٹس کو قومی ون ڈے ریجنزکپ جتوا دیا

فواد عالم نے کراچی وائٹس کو قومی ون ڈے ریجنزکپ جتوا دیا

راولپنڈی : فواد عالم کی شاندار بلے بازی کی بدولت کراچی وائٹس نے قومی ون ڈے ریجنز کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ۔

قومی ون ڈے ریجنز کپ  میں اسلام آباد کی ٹیم نے بابر اعظم ،شاہد یوسف اور شان مسعود کی عمدہ بلے بازی کی بدولت 4 وکٹوں پر 347 رنز کا مجموعہ بورڈ پر سجایا ۔

شان مسعود اور  عابد علی نے اسلام آباد کو 83 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، شان مسعود 51  رنز بناکر  پویلین لوٹ گئے۔ اسد شفیق نے انھیں آؤٹ کیا، 103 رنز پر  عابد علی بھی37 رنز بنا کر ضیا الحق کی گیند پر محمد حسن کو کیچ دے بیٹھے۔ 153 رنز پر فیضان ریاض27 رنز پر آؤٹ  ہوئے۔

اس موقع پر بابر اعظم اور شاہد یوسف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 298 رنز تک  پہنچا دیا. بابر  اعظم نے105 اور شاہد یوسف نے96 رنز کی اننگز تراشی، سعد علی26 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد اصغر، اسد شفیق، ضیا الحق اور دانش عزیز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں کراچی وائٹس نے  فواد عالم  اور دانش عزیز کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ہدف 49.3 اوورز میں حاصل کرلیا۔ کراچی کا آغاز زیادہ اچھا نہ تھا اور صرف 38 رنز پر خرم منظور 7 اور اسد شفیق 22  پویلین لوٹ چکے تھے،۔اس موقع پر اکبرالرحمن اور فواد عالم نے کھل کر بیٹنگ کے جوہر دکھائے اور ٹیم  کے مجموعی اسکور کو 134 رنز تک پہنچا دیا، اکبر الرحمن41 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ  فواد عالم نے18 چوکوں کی مدد سے149 رنز بناکر اپنی ٹیم کو فتح کے قریب  پہنچادیا، بعدازاں  دانش عزیز نے ناٹ آؤٹ 86 رنز بناکر فتح اپنی ٹیم کی  جھولی میں ڈال دی۔

اسلام آباد کے طرف سے رضا حسن، شہزاد اعظم،  نعمان علی،  احمد بشیر اور حمزہ ندیم نے ایک، ایک  کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 فواد عالم مین آف دی میچ رہےجبکہ اسلام آباد کے شان مسعود 656 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز کا ٹائٹل لے اڑے ،فیصل آباد کے محمد عمران 14وکٹوں کے ساتھ ٹاپ  بولر رہے جبکہ عابد علی509 رنز بنانے کیساتھ 9 کیچ پکڑ کر بہترین آل راؤنڈر کے اعزاز سے نوازے گئے۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی  چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے مشیرشکیل شیخ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔