عدالت نے زینب قتل کیس کے ملزم عمران پر فرد جرم عائد کر دی

عدالت نے زینب قتل کیس کے ملزم عمران پر فرد جرم عائد کر دی

لاہور: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے زینب قتل کیس کے ملزم عمران نقشبندی پر فرد جرم عائد کر دی۔ کوٹ لکھپت جیل میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج سجاد احمد نے زینب قتل کیس کی سماعت کی، اس موقع پر استغاثہ کے گواہوں نے شہادتیں قلمبند کرائیں۔

سماعت کے بعد عدالت نے ملزم عمران پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے پراسیکیوشن کی جانب سے تمام گواہوں کو کل طلب کرلیا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 10 فروری کو زینب قتل پر لیا گیا ازخود نوٹس آئی جی پنجاب کی جانب سے جمع کرائی جانے والی رپورٹ کے بعد نمٹا دیا تھا۔

دوسری جانب  لاہور ہائی کورٹ نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کو ملزم کے خلاف ٹرائل 7 روز میں مکمل کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔

واضح رہے پنجاب کے ضلع قصور سے اغواء کی جانے والی 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا جس کی لاش گذشتہ ماہ 9 جنوری کو ایک کچرا کنڈی سے ملی تھی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں