آئی سی سی نے ورلڈ کپ میں 30کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست دینے کی شرط ختم کردی

آئی سی سی نے ورلڈ کپ میں 30کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست دینے کی شرط ختم کردی
کیپشن: تصویر آئی سی سی ٹوئٹر

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے پہلی بار ورلڈ کپ میں 30ممکنہ کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست دینے کی شرط ختم کردی۔

ورلڈ کپ 2019کا آغاز 30مئی سے ہوگا اور میگا ایونٹ کیلئے ہر ملک کو اپنی 15رکنی ٹیم 23اپریل تک آئی سی سی کو دینا ہوگی اور ٹورنامنٹ شروع ہونے سے ایک ہفتہ قبل تک ٹیم میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 23مئی کو میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی ہر ٹیم اپنی حتمی 15کھلاڑیوں کی فہرست دے سکتی ہے، ایک ماہ کا عرصہ ٹیموں کیلئے سپورٹ پیریڈ کہلائے گا۔23اپریل سے 23مئی کے دوران ایک ماہ میں اگر ٹیمیں چاہیں تو ٹیکنیکل وجوہات کی بنیاد پر اپنی ٹیم میں تبدیلی کرسکتی ہیں لیکن ٹورنامنٹ شروع ہونے سے ایک ہفتے قبل ٹیم صرف اسی صورت میں تبدیل ہوگی جب کسی ٹیم کے پاس اس کی ٹھوس وجہ ہوگی اور کیس ٹورنامنٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی کو سونپا جائے گا۔

اگر کسی ٹیم کا کوئی کھلاڑی ان فٹ ہوتا ہے تو اس ٹیم کو میڈیکل سرٹیفیکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم 23اپریل کو انگلینڈ جائے گی اور ون ڈے سیریز سے تین ہفتے قبل انگلینڈ پہنچے گی۔

قومی ٹیم کے کپتان کے مطابق انگلینڈ کی ون ڈے سیریز میں جو ٹیم کھیلے گی تقریبا وہی ٹیم ورلڈ کپ میں پاکستانی کی نمائندگی کرے گی۔چیئرمین احسان مانی کہتے ہیں کہ آسٹریلیا کی سیریز میں روٹیشن پالیسی کے تحت سینیئر کھلاڑیوں کو آرام دیں گے تاکہ ان کا ورک لوڈ کم ہو سکے۔