مظفر گڑھ،تین منزلہ عمارت گرنے سے 8 افراد جاں بحق

مظفر گڑھ،تین منزلہ عمارت گرنے سے 8 افراد جاں بحق

مظفرگڑھ: مظفرگڑھ شہر کے وسط میں 3 منزلہ پلازہ کے مرمت کے دوران زمین بوس ہونے سے خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

مظفرگڑھ شہر کے مرکزی بازار میں 3 منزلہ پلازہ مرمت کے دوران اچانک زمین بوس ہوگیا جس سے متعدد افراد اس کے ملبہ تلے دب گئے۔پلازہ گرنے کے اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، پولیس اور رضاکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کیں۔کئی گھنٹے کے آپریشن کے بعد ملبے سے 8 افراد کی لاشوں اور 6 افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا، زخمیوں کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال مظفر گڑھ منتقل کیا گیا۔

ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر مہر اقبال کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک سے 13 سال کی عمر کے 4 بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ صورتحال کے پیش نظر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر امجد شعیب ترین کا کہنا تھا کہ پلازہ کی عمارت کو بغیر کسی قواعد کے مستری سے بنوایا جارہا تھا جبکہ عمارت سٹریکچر ہٹانے کی وجہ سے گری۔

دوسری طرف عینی شاہدین کے مطابق تاحال متعدد افراد عمارت کے ملبے تلے دبے ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں تاہم روشنی کی کمی کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔