نیوزی لینڈ کا بھارت کیخلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ

نیوزی لینڈ کا بھارت کیخلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ

ماؤنٹ مونگنوئی :نیوزی لینڈ نے لوکیش راہل کی سنچری کے باوجود بھارت کو تیسرے ون ڈے میچ میں بھی شکست دے کر سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔

ماؤنٹ مونگنوئی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور ماینک اگر وال کے ساتھ ساتھ کپتان ویرات کوہلی بھی صرف 9رنز بنا کر چلتے بنے۔

سکور 62 تک پہنچا تو وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں بھارتی ٹیم تیسری وکٹ بھی گنوا بیٹھی اور پرتھوی شا 40رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔اس مرحلے پر شریاس آئیر کا ساتھ دینے ان فار لوکیش راہل آئے اور دونوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکت کے لیے 100رنز جوڑے، آئیر 62رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

دوسرے اینڈ سے لوکیش راہل نے عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نئے بلے باز منیش پانڈے کے ہمراہ مزید 107رنز جوڑ کر بھارت کی معقول مجموعے تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا ان فارم بلے باز نے 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 112 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اختتامی اوورز میں نیوزی لینڈ کے باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا جس کے سبب بھارتی بلے باز تیزی سے رنز نہ بنا سکے اور مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 296رنز اسکور کیے، منیش پانڈے نے 48رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز مارٹن گپٹل اور ہنری نکولس نے نصف سنچریاں اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 106رنز کا عمدہ آغاز فراہ کیا، گپٹل 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 66رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔کپتان کین ولیمسن اور نکولس نے دوسری وکٹ کے لیے 53رنز جوڑے جس کے بعد ولیمسن کی 22رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

روس ٹیلر اور 80 رنز بنانے والے نکولس نے سکور کو 189 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر دونوں بلے باز یکے بعد پویلین لوٹ گئے جس سے بھارت کو میچ میں واپسی کا موقع ملا۔بھارت کو جلد ہی جمی نیشام کی وکٹ بھی مل گئی جس سے میچ میں بھارت کی فتح کے امکانات روشن ہو گئے لیکن کولن ڈی گرینڈ ہوم نے جارحانہ اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

گرینڈ ہوم نے 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ ٹام لیتھم کے ساتھ ناقابل شکست 80رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو 17گیندیں قبل ہی 5وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔ہنری نکولس کو میچ اور روس ٹیلر کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔