کرونا وائرس سے سی پیک کی تعمیر متاثر نہیں ہو گی، چین

 کرونا وائرس سے سی پیک کی تعمیر متاثر نہیں ہو گی، چین

بیجنگ: چینی اسکالر پروفیسر چینگ ژینگ نے کہا کہ چینی حکومت کی بھر پور کوشش ہے کہ وبا کو سی پیک کے منصوبوں پر اثر انداز نہ ہونے دیا جائے،چین اس مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا شکر گذار ہے،پاکستان کا تعاون پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، چینی قوم وبا کےخلاف پوری قوم متحد ہے، چین جلد ہی اس وبا پر قابو پا لے گا۔

تفصیلات کے مطابق گوادر پرو ایپ نے پروفیسر چینگ کے حوالے سے بتایاہے کہ چینی حکومت کی بھر پور کوشش ہے کہ وبا کو سی پیک کے منصوبوں پر اثر انداز نہ ہونے دیا جائے۔چین اس مشکل وقت میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور پاکستانی قوم کی بھرپور حمایت کا شکر گذار ہے۔پاکستان کا تعاون پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ چین اس وبا کو انتہائی اہمیت دے رہا ہے۔ طبی کارکن اگلے محاذ پر لڑ رہے ہیں۔ پوری قوم متحد ہو کر وبائی مرض کے خلاف جنگ سے نبرد آزما ہے۔ چینی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ اقوام متحدہ بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی چینی حکومتی اقدامات کو سراہا ہے۔

پروفیسر چیانگ نے اعتراف کیا کہ سی پیک پر پر کچھ اثر پڑے گا لیکن وہ عارضی ہو گا کیونکہ چینی تکنیکی ماہرین روایتی چینی جشن بہار میں شرکت کیلئے وطن واپس آئے اور وبا کی وجہ سے واپسی کا سفر نہ کر سکے اس لئے پاکستان واپس نہ جاسکے۔  وبا لمبے عرصے تک نہیں چل سکے گی اور مشکلات بالآخر حل ہوجائیں گی۔قلیل مدت کے بعد سی پیک کی تعمیر منصوبہ بندی کے مطابق آسانی سے آگے بڑھے گی۔

پروفیسر چینگ نے مزید کہا کہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ دوسرے مرحلے کے منصوبوں کی تکمیل سے روزگار کے بہت سارے مواقع میسر آئیں گے ، قوم کی صنعتی اور جدید کاری کو فروغ ملے گا اور پاکستانی عوام کی روزی روٹی اور فلاح و بہبود میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔