ملکی ترقی کی منصوبہ بندی کے لئے پانچ سال کم ہیں، وزیراعظم عمران خان

ملکی ترقی کی منصوبہ بندی کے لئے پانچ سال کم ہیں، وزیراعظم عمران خان
کیپشن: لاہور سمیت ملک بھر میں سبز انقلاب لا رہے ہیں، وزیراعظم
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے درخت اگانے کی  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا لاہور میں اربن فاریسٹ کیلئے 50 سائٹس کا انتخاب اچھا اقدام ہے اور شہری چاہتے ہیں شہر میں ہریالی ہو اور پنجاب حکومت کوشش کرے کہ اربن فاریسٹ کی 50 سائٹس گوگل کےذریعےدکھائی جائیں۔

وزیراعظم درخت لگانے کے منصوبے میں عوام کو شرکت کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ملک کے مستقبل پانچ سال کی منصوبہ بندی سے نہیں بنتے بلکہ اس کے لیے طویل مدتی منصوبوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ چین کے اندر جو ہوا وہ معجزہ ہے، دنیا کی تاریخ میں اتنی تیزی سے ترقی نہیں اور اس کا راز یہی ہے کہ ان کی طویل مدتی منصوبہ بندی ہے اور وہ آگے کا سوچتے ہیں۔پارلیمانی جمہوریت کے اندر ہر 5 سال کے بعد انتخابات آتے ہیں اور بدقسمتی سے حکومتیں پانچ سال کا سوچتی ہیں اور جو چیز نظر آئے اس کا اشتہار دے کر انتخابات جیتیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فضائی آلودگی بزرگوں اور بچوں کیلئے بہت نقصان دہ ہے اور لاہور میں آلودگی کی شرح بڑھ رہی ہے جبکہ گزشتہ ادوار میں لاہور کا 70 فیصد گرین بیلٹ ختم کر دیا گیا۔ دنیا میں اسموگ پر ریسرچ کی جا چکی ہے اور یہ ایک انسان کی 7 سے 11 سال زندگی کم کر دیتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہم زیتون کے جنگلات اگانے جا رہے ہیں جبکہ دریائے سندھ کے علاقے زیتون کی کاشت کیلئے موزوں ہیں اور چند سال میں پاکستان زیتون درآمد کے بجائے برآمد کرے گا۔ سابق حکومتوں نے لانگ ٹرم پلاننگ نہیں کی جبکہ چین میں بھی آلودگی بڑھ گئی تھی لیکن اب وہاں جنگلات اگائے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا سیمنٹ کے جنگلات سے ماحولیات پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں جنگلات تھے جنہیں ختم کر دیا گیا اور کسی نے نہیں سوچا جب یہ جنگلات ختم ہوں گے اس کے ماحول پر کیا اثرات ہوں گے۔

انہوں نے کہا لاہور سمیت ملک بھر میں سبز انقلاب لا رہے ہیں کیونکہ پاکستان میں ہر قسم کی چیز اگائی جا سکتی ہے جبکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو 12 موسم دیئے ہیں۔