قومی کرکٹ ٹیم 26 مارچ کو جنوبی افریقا روانہ ہوگی

قومی کرکٹ ٹیم 26 مارچ کو جنوبی افریقا روانہ ہوگی
کیپشن: قومی کرکٹ ٹیم 26 مارچ کو جنوبی افریقا روانہ ہوگی
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم اپریل میں جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی۔ 26 مارچ کو جوہانسبرگ روانہ ہوگی ۔پی سی بی نے شیڈول جاری کردیا۔

پی سی بی کے مطابق دورہ جنوبی افریقا کے دوران 3 ایک روزہ اور 4 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ دورے میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

 جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان پہلا ون ڈے 2، دوسرا 4 اور آخری ون ڈے 7 اپریل کو کھیلا جائے گا۔۔سیریز کا پہلا اور تیسرا ون ڈے پریٹوریا جبکہ دوسرا ون ڈے میچ جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔

ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں مدمقابل آئیں گی۔ ابتدائی طور پر یہ سیریز تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل تھی تاہم کرکٹ جنوبی افریقا کی درخواست پر اس سیریز میں ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

پہلے 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 10 اور 12 اپریل کو جوہانسبرگ جبکہ اگلے دونوں میچز پریٹوریا میں کھیلے جائیں گے۔