ایسی اسمارٹ فون ایپ جس سے سگریٹ نوشی سے چھٹکارا حاصل کرنا انتہائی آسان

 ایسی اسمارٹ فون ایپ جس سے سگریٹ نوشی سے چھٹکارا حاصل کرنا انتہائی آسان

لندن: برطانوی ماہرین نے گیم کی شکل میں ایک ایسی اسمارٹ فون ایپ تیار کرلی ہے جس کا مقصد سگریٹ نوشی سے چھٹکارا پانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

’’سگ بریک فری‘‘ (CigBreak Free) نامی اس سادہ سی ایپ میں ایک گیم ہے جس کے دوران کھیلنے والے کو کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ سگریٹ توڑنی ہوتی ہیں۔ ہر لیول مکمل کرنے پر کھیلنے والے کو کچھ پوائنٹ ملتے ہیں لیکن گیم کے آگے بڑھنے پر سگریٹ توڑنے کا عمل پیچیدہ اور مشکل ہوتا جاتا ہے جبکہ اسی کے ساتھ ہر ایک سگریٹ توڑنے پر ملنے والے پوائنٹس بھی زیادہ ہوتے رہتے ہیں۔

ہر لیول کی کامیاب تکمیل پر ایک سرٹیکفیٹ بھی نمودار ہوتا ہے جس میں کھیلنے والے کو مبارکباد دی جاتی ہے کہ اس نے اپنے پھیپھڑوں کی گنجائش میں اضافہ کر لیا ہے جبکہ کھانے کی کوئی صحت بخش چیز بھی اسمارٹ فون کی اسکرین پر بطور انعام ظاہر ہوجاتی ہے۔

 اس ایپ کے مرکزی موجد اور کنگسٹن یونیورسٹی میں کمپیوٹر سائنس کے ماہر، ہوپ کیٹن کا کہنا ہے کہ یہ صرف کوئی کھیل نہیں بلکہ اس کی تیاری میں سوچ اور کردار تبدیل کرنے سے متعلق 30 سے زائد نفسیاتی تکنیکوں کا استعمال بھی کیا گیا ہے جن کے تحت کھیل کے دوران ہی مختلف پیغامات بھی اسکرین پر آتے رہتے ہیں اور کھیلنے والے کو لاشعوری طور پر بار بار قائل کرتے ہیں کہ وہ عملی زندگی میں بھی سگریٹ چھوڑ دے۔

اگرچہ اس سے پہلے بھی چند ایپس میں سگریٹ نوشی ترک کرنے کے پہلو پر توجہ دی گئی ہے لیکن یہ پہلی ایپ ہے جسے بطورِ خاص اسی مقصد کےلئے بنایا گیا ہے۔