قصور میں حالات معمول پر آ گئے، رینجرز کا گشت جاری

قصور میں حالات معمول پر آ گئے، رینجرز کا گشت جاری

قصور: قصور میں پرتشدد مظاہروں پر قابو لیا گیا ہے اور حالات معمول پر آ گئے۔ شہر بھر میں رینجرز کا گشت جاری ہے۔ اسپتال اور پی اے نعیم صفدر کے ڈیرے پر دھاوا بولنے والے کئی ملزم گرفتار کر لیے۔ تاجر تنظیموں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا اور امن و امان برقرار رکھنے میں مدد کی یقین دہانی کرا دی۔

زینب کے قاتل کی تلاش میں مدد دینے والے کو ایک کروڑ روپے دینےکا اعلان کیا گیا ہے جبکہ زینب کے والد محمد امین نے قصور کے مشتعل مظاہرین سے پُرامن رہنے کی اپیل اور جے آئی ٹی کے سربراہ کو تبدیل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

سانحہ قصور کو تین روز گزرنے کے بعد بھی ننھی کلی کو روند دینے والا درندہ صفت آزاد ہے۔ پولیس اسے تو نہ پکڑ سکی تاہم مظاہروں اور توڑ پھوڑ کے الزام میں گھروں پر دھاوا بول کر متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے رینجرز کے 200 اہلکار بکتر بند گاڑیوں اور موبائل کے ساتھ پہنچ گئے اور فلیگ مارچ کیا۔

محکمہ داخلہ پنجاب اور آئی جی نے 2 روز قبل رینجرز کو طلب کیا تھا۔ شہر کی تاجر تنظیموں نے بھی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے۔ شہر میں امن و امان کی صورتحال بگڑنے نہیں دی جائے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں