زینب قتل کیس کی تحقیقات کرنیوالی جے آئی ٹی کا سربراہ تبدیل

زینب قتل کیس کی تحقیقات کرنیوالی جے آئی ٹی کا سربراہ تبدیل

لاہور: قصور میں قتل کی گئی 7 سالہ زینب کے والد کے اعتراض کے بعد مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( جے آئی ٹی) کے سربراہ کو تبدیل کر دیا گیا۔ جے آئی ٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی ابوبکر خدا بخش کی جگہ آر پی او ملتان محمد ادریس کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نیا سربراہ بنا دیا گیا جب کہ اس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

 قصور واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ایڈیشنل آئی جی ابوبکر خدا بخش کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی تھی جس میں حساس اداروں کے افسران کو بھی شامل کیا گیا تھا ۔ تاہم زینب کے والد محمد امین نے جے آئی ٹی کے سربراہ کے نام پر اعتراض اٹھایا تھا جن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے ملزمان کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعلیٰ کی باتوں پر نہیں تحقیقات کے نتائج سے یقین آئے گا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل 7 سالہ بچی زینب کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا جس کی لاش کوڑے کے ڈھیر سے ملی جب کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے باوجود ملزم کو اب تک گرفتار نہیں کیا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں