ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جنہوں نے سانحہ سیہون کو سانحہ اسپتال بنا دیا، بلاول

ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جنہوں نے سانحہ سیہون کو سانحہ اسپتال بنا دیا، بلاول

سہیون شریف: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے این آئی سی وی ڈی اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا امراض قلب کے اسپتال کا سیہون میں قیام بہت خوش آئند ہے اور پوری دنیا کے لوگ اس اسپتال سے مستفید ہوں گے کیونکہ پوری دنیا سے ہر نسل ،ہر رنگ ، ہر فرقے کے لوگ سیہون آتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا سیہون شریف انسانیت کیلئے ایک پناہ گاہ ہے جبکہ بے قرار دھڑکنوں کو قرار دینا اور لوگوں کو جوڑنا پیپلزپارٹی کی روایت ہے۔ سندھ حکومت نے ٹنڈو محمد خان، حیدر آباد میں عالمی معیار کے جدید اسپتال کھولے ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا پیپلزپارٹی نے امراض قلب کے علاج کو عام آدمی کی دسترس میں پہنچایا دیا ہے اور دنیا بھر میں صرف ڈھائی سو سائبر نائف مشین ہیں جو سندھ میں بھی موجود ہے۔ سندھ حکومت کے کام کی کہیں مثال نہیں ملتی پھر بھی مخالفین کہتے ہیں سندھ حکومت نے کیا کیا ہے؟۔ مہنگے مہنگے علاج کرانے کیلئے سندھ میں ایک روپیہ بھی نہیں لگتا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا سندھ میں بہت کام ہونے کے باوجود آج بھی مسائل ہیں تاہم ان مسائل کے حل کیلئے ہماری نیت پر شک نہیں کیا جا سکتا اور سندھ کی ترقی کیلئے اپنی کمٹمنٹ پر سو فیصد قائم ہیں۔ انہوں نے کہا ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جنہوں نے سانحہ سیہون کو سانحہ اسپتال بنا دیا اور قلندر کی نگری کے بہادر لوگوں کو دنیا بھر میں تماشا بنایا گیا تاکہ پیپلز پارٹی کو نقصان ہو لیکن آج اسی اسپتال میں کھڑا تھا جہاں اس سانحے کے زخمیوں کو لایا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں