قصور واقعہ میں کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے : رانا مشہود

قصور واقعہ میں کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے : رانا مشہود


مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہور نے کہا ہے کہ قصور واقعے میں ملوث ملزم کو پکڑ کر قرار واقعی سزا دی جائے گی‘ ملزم کو پکڑنے کے لئے فرانزک ٹیم بھی دن رات کام کررہی ہے‘ ہمیں مل کر قصور کے لوگوں کو اس مصیبت سے نجات دلانا ہے‘ عوام ہمارے ساتھ تعاون اور ملزم کو پکڑنے میں مدد کریں‘ قصور واقعہ میں کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے‘ ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر میڈیا کے شکر گزار ہیں‘ قصور واقعے میں سیریل کلر ملوث ہے‘ المناک واقعے پر مظاہرین کے غم و غصہ کا احساس ہے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ذاتی ٹیم واقعہ قصور کی پل پل رپورٹ لے رہی ہے جلد عوام کو اچھی خبر دیں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم دن رات کام کررہے ہیں کہ اس ذلیل انسان کو گرفتار کریں اور عوام اس سلسلے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ حکومت نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ایک کروڑ روپے کا اعلان بھی کررکھا ہے وزیراعلیٰ پنجاب واقعہ قصور پر انتہائی رنجیدہ اور پریشان ہیں۔ ملزم کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام ادارے ملزم کی گرفتاری کے لئے دن رات کام کررہے ہیں ہم نے اپنے شہر کے امن کو خراب نہیں ہونے دینا ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے اور اس دشمن کو گرفتار کرنا ہے۔ تمام سکیورٹی اداروں کی خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے ساتھ تعاون کیا۔ ہم نے کچھ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہوا ہے اور جلد ہی ہم عوام کو اچھی خبر دیں گے شہباز شریف کی ذاتی ٹیم اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے اور تمام معاملات کو دیکھا جارہا ہے قصور سے امن کا پیغام پورے پاکستان کو جائے گا۔