جنسی ہراسانی سے کیسے بچنا ہے ٗ عامر خان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

جنسی ہراسانی سے کیسے بچنا ہے ٗ عامر خان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

ممبئی:بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کو سمجھاتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ انہیں جنسی ہراسانی سے کیسے بچنا چاہئے۔


تفصیلات کے مطابق حال ہی میں پاکستان میں ننھی زینب کے ساتھ ہونے والے واقعے کے بعد عامر خان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بیحد مقبول ہورہی ہے۔ویڈیو میں عامر خان بچوں کیساتھ ہلکے پھلکے انداز میں نہایت سنجیدہ موضوع پر گفتگو کرتے نظر آرہے ہیں، اس ویڈیو کو لوگ اس لیے بھی سراہ رہے ہیں کہ والدین اپنے بچوں سے اس حوالے سے بات نہیں کرپاتے لہذا عامر خان کی ویڈیو بچوں کو ان کی طرف بڑھنے والے خطرے کا احساس دلانے کے لیے بہترین ہے۔

عامر خان بچوں سے کہتے نظر آرہے ہیں کہ خطرے کا احساس ہوتے ہی انہیں زور سے چلانا چاہئے اور فورا گھر کی طرف یا کسی بحفاظت مقام کی طرف بھاگنا چاہئے اور اس واقعے کی اطلاع اپنے والدین یا ٹیچر کو دینی چاہئے۔واضح رہے کہ ویڈیو کے آخر میں عامر خان والدین کو یہ پیغام بھی دیتے نظر آئے کہ بچوں کو ہر طرح کے خطرے سے آگاہ کرنے کے باوجود ان کی حفاظت کی ذمہ داری والدین کی ہے لہذا اپنے بچوں کے حوالے سے کبھی لاپرواہی نہ برتیں۔

یاد رہے اس سے قبل عامر خان پروگرام میں چھوٹے بچوں کے ساتھ ہونے والے واقعات منظر عام پر لے کر آئے جب کہ اسی شو میں وہ بچوں کو یہ سبق بھی دیتے نظر آئے کہ انہیں درندہ صفت انسانوں سے اپنی حفاظت کس طرح کرنی ہے۔