ہماری سرزمین پر دہشت گردوں کے کوئی خفیہ ٹھکانے نہیں ہیں، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

ہماری سرزمین پر دہشت گردوں کے کوئی خفیہ ٹھکانے نہیں ہیں، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہماری سرزمین پر دہشت گردوں کے کوئی خفیہ ٹھکانے نہیں ہیں، ریاست قومی سلامتی سے متعلق چیلنجوں سے بخوبی آ  گاہ ہے اور داخلی و بیرونی مسائل سے نبرد آزما ہو رہی ہے۔

جمعہ کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں نیشنل سیکورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کی کارروائیاں کرنے کی صلاحیت کا بہت حد تک سدباب کیا گیا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ ریاست قومی سلامتی سے متعلق چیلنجوں سے بخوبی آ  گاہ ہے اور داخلی و بیرونی مسائل سے نبرد آزما ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ’’ردالفساد‘‘ معاشرے کو انتہاء پسندوں کے ’’سلیپرز سیلز‘‘ اور ہمدردوں سے صاف کرنے کیلئے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سلامتی کی فضاء بہت نازک ہے اور یہ ابھرتے ہوئے چیلنجز اور مواقع کی ملی جلی صورتحال کی حامل ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کورس گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ ملک کو درپیش خطرات کے خلاف قومی ردعمل کی تشکیل میں معاون اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے شرکاء کے قومی سلامتی تصورات کی تشکیل اور تشکیل نو اور سویلین پالیسی سازوں کو قومی سلامتی سے متعلق امور کے بہتر ادراک پیدا کرنے میں این ڈی یو کے کردار کو سراہا۔

بعد ازاں وزیراعظم نے کورس کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ یہ تقریب نیشنل سیکورٹی اینڈ وارس کورس کے اختتام پر منعقد ہوئی جو گزشتہ اگست میں شروع ہوا تھا اور 29 منتخب شدہ شرکاء میں سول سروس آف پاکستان کے ساتھ ساتھ مسلح افواج کے ارکان شامل تھے۔ کورس کا بنیادی محور شرکاء کو قومی سلامتی کے حوالے سے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بہتر آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان کے موجودہ چیلنجز ’’پوری قوم کی سوچ‘‘ کے ذریعے قومی سلامتی ردعمل کے متقاضی ہیں۔

تقریب میں وزیر دفاع خرم دستگیر خان، وزیر داخلہ احسن اقبال، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ اور دیگر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

مصنف کے بارے میں