بھارت نے پاکستان کو متنازع ڈیموں کا جائزہ لینے کے لیے دورے کی دعوت دیدی

بھارت نے پاکستان کو متنازع ڈیموں کا جائزہ لینے کے لیے دورے کی دعوت دیدی
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد : بھارت نے پاکستان کو سندھ طاس معاہدے کے تحت متنازع ڈیموں کا دورہ کرنے کی اجازت دے دی ہے ، پاکستانی وفد رواں برس 27 جنوری کو بھارت کا دورہ کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت نے پاکستانی حکام کو سندھ طاس معاہدے کے تحت متنازع ڈیموں کا دورہ کرنے کے لیے بھارت آنے کی اجازت دے دی ہے ، پاکستانی وفد ستائیس جنوری کو بھارت کا دورہ کرے گا، پاکستانی حکام کی جانب سے دریائے چناب پر بنائے گئے بھارتی ڈیموں پاکل دل اور لوئر کلنائی کی تعمیر پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا ۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سندھ طاس معاہدہ طے ہوا ہے جس کے تحت دریائے چناب ، دریائے انڈس اور دریائے جہلم کا پانی پاکستان اور دریائے راوی ، دریائے بیاس اور دریائے ستلج کا پانی بھارت کے لیے وقف ہے ۔

پاکستانی حکام کا موقف ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے لیے وقف دریا چناب پر متنازع ڈیم تعمیر کیا ہے جس سے پاکستان کے حصے کا پانی بھارت استعمال کر رہا ہے اور اس کو مسلسل روک بھی رہا ہے ۔