اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گی

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گی
ستمبر میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے یہ ایشیاء کا ان کا پہلا سرکاری دورہ ہو گا۔۔۔۔فائل فوٹو

نیو یارک: ماریہ اسپینوزا کی ترجمان مونیکا گریلے نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ جنرل اسمبلی کی صدر حکومت پاکستان کی درخواست پر 18 سے 22 جنوری کے دوران پاکستان کا دورہ کریں گی۔


ترجمان نے بتایا کہ ستمبر میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے یہ ایشیاء کا ان کا پہلا سرکاری دورہ ہو گا۔

ترجمان مونیکا گریلے کے مطابق ماریہ اسپینوزا پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور کثیرا لجہت مقاصد کے فروغ کے حوالے سے پرامید ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بھی بتایا کہ جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ اسپینوزا وزیراعظم عمران خان، صدر عارف علوی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کریں گی۔

ملیحہ لودھی کے مطابق جنرل اسمبلی کی صدر کو عالمی، علاقائی معاملات اور کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ وہ خواتین اراکینِ اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گی۔

خیال رہے کہ 8 سال بعد جنرل اسمبلی کا کوئی صدر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔