بھارت 2021ءمیں اپنا پہلا انسان بردار راکٹ خلا میں بھیجے گا

بھارت 2021ءمیں اپنا پہلا انسان بردار راکٹ خلا میں بھیجے گا
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

نئی دہلی:بھارتی خلائی ادارے کے سربراہ کے سیوان نے کہا ہے کہ ان کا ادارہ دسمبر 2020ءاور جولائی 2021ءکے درمیان خلائی مہمات روانہ کرے گا۔ جس کے بعد ان کا ہدف دسمبر 2021ءتک خلاءمیں انسانی مشن بھیجنا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ بہت ممکن ہے کہ خلا میں بھیجے جانے والے بھارت کے پہلے مشن میں ایک خاتون خلانورد بھی شامل ہو۔انہوں نے کہا کہ خلابازوں کی ابتدائی تربیت بھارت میں جب کہ ایڈوانس ٹریننگ روس میں ہو گی۔

پچھلے سال بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی تقریر میں یہ اعلان کیا تھا کہ بھارت 2022 میں اپنے 75 ویں یوم آزادی موقع پر خلا میں جو راکٹ بھیجے گا اس میں بھارت کا ایک بیٹا اور بیٹی بھی سوار ہو گی جو اس سفر میں قومی جھنڈا لے کر جائیں گے۔

بھارت کے اخبار ہندوستان ٹائمز اور انڈیا نیوز کے مطابق خلا میں انسان لے جانے والے راکٹ گگیان کا انسانی عملہ تین افراد پر مشتمل ہو گا اور وہ 7 دن تک خلا میں رہیں گے۔

اس خلائی مشن پر لاگت کا اندازہ دس ارب بھارتی روپے لگایا گیا ہے۔واضح رہے کہ روس، امریکہ اور چین خلاءمیں انسانی مشن بھیج چکے ہیں۔