سندھ میں گیس کے ذخائر ختم ہوگئے ، امتیاز احمد شیخ

سندھ میں گیس کے ذخائر ختم ہوگئے ، امتیاز احمد شیخ
سورس: File photo

کراچی ، وزیرتوانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ میں صرف اگلے بارہ سال کے لئے گیس کے ذخائر باقی بچے ہیں جبکہ تیل کے ذخائر بھی بتدریج کم ہورہے ہیں ۔ 

سندھ کے وزیرتوانائی نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں  کہا  کہ سندھ کی گیس پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے سندھ کی گیس سوئی ناردرن کو دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ  تیل ابھی کافی ہے اور تیل کے بھی 15 سے 20 سال کے تک کیلئے ذخائر موجود ہیں۔

  امیتاز شیخ کا کہنا تھا کہ آئل گیس کے ذخائر کی ریگولیٹری کا معاملہ وفاق کے پاس ہے، آئین کے مطابق جس صوبے سے گیس نکلے وہی صوبہ اس کو استعمال کرنے کا پہلا حق رکھتا ہے، ہم نے وزراء کو خطوط بھی لکھے، اس کے باوجود آئین کے کسی آرٹیکل پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ سندھ کی 26 سو این ایف سی ایف ڈی گیس ہے، ہم کہتے ہیں ہماری گیس ہمیں دیں جو بچ جائے وہ جس کو مرضی چاہے دیں، وزیر اعلیٰ سندھ نے اس ضمن میں وزیر اعظم کو خط لکھا ہے کیونکہ سندھ کے شہری پریشان ہیں اور ہم بار بار وفاق سے کہہ کر تھک گئے، کوئی بھی بات کریں تو وفاقی وزراء آجاتے ہیں۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے کیا کیا ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں،  اب اختیار موجودہ وفاقی حکومت کے پاس ہے اس لئے لوگوں کے مسائل حل کرنا بھی آپ کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک تاریکی میں ڈوب گیا اور محض 16 گریڈ کے افسر کو معطل کردیا گیا۔