متحدہ عرب امارات نے پاکستان پر واجب الادا قرض موخر کرنے کی یقین دہانی کروادی

متحدہ عرب امارات نے پاکستان پر واجب الادا قرض موخر کرنے کی یقین دہانی کروادی

متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو اقتصادی بحران سے نکالنے کے لیے قرضوں کی ادائیگی  موخر کرنے پر رضا مندی ظاہر کر دی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات نے واجب الادا قرض موخر کرنے اور پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے وعدے کو بھی عملی شکل دینے پر اتفاق کر لیا ۔

 
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ  وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف  کے متحدہ عرب امارات کے دورہ کے دوران  دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں مزید سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم بڑھانے کے امکانات کا جائزہ بھی  لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک  کے مابین ہونے والے  مذاکرات میں متحدہ عرب امارات کے تاجروں، سرمایہ کاروں کو پاکستان میں  سرمایہ کاری کے لیے پر کشش مراعات کی پیش کش بھی  کی جائے گی ۔

واضح رہے کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے واجب الادا قرض میں سے 2 ارب ڈالر آئیندہ ہفتوں میں ادا کرنا تھے۔